تحریک انصاف کی حکومت اسی سال گر جائے گی اور نیا وزیراعظم نون لیگ سے ہوگا، مشاہداللہ خان
اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر مشاہداللہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت مخالف تحریک کا اصولی فیصلہ ہو گیا ہے جس کا اعلان مشترکہ اپوزیشن کرے گی۔ نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں بات کرتے ہوئے مشاہد اللہ خان نے بتایا کہ کپتان کی حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹایا جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کی حکومت اسی سال گر جائے گی اور نیا وزیر اعظم ن لیگ سے ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: حالیہ انتخابات پر لعنت بھیجتا ہوں، مشاہد اللہ خان
مریم نواز کو بلاول کی جانب سے افطار پارٹی کی دعوت کے سوال پر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ مریم نواز کے علاوہ اور بھی 16 نائب صدور ہیں تاہم ان کی مقبولیت سب سے زیادہ ہے۔ چیئرمین نیب کے شریف خاندان کی ڈیل کے حوالے سے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے مشاہد اللہ خان نے کہا کہ تمام الزامات لغو ہیں، وہ بتاتے کہ کس نے پیشکش کی، قانونی چارہ جوئی کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔