پاکستان خطے میں امن کیلئے کردار ادا کرے اور ایران امریکہ کشیدگی پر اپنا موقف واضع کرے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام آباد: پاکستان خطے میں امن کے لئے کردار ادا کرے، حکومت ایران امریکہ کشیدگی پر اپنا موقف واضع کرے، امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے اقدامات خطے میں کشیدگی بڑھا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اب تک ماضی کی غلطیوں کا خمیازہ بھگت رہا ہے، ملکی سلامتی و وقار کا تقاضہ ہے کہ اسلام آباد کے فیصلے اسلام آباد میں ہوں، آزاد خارجہ پالیسی ہی باوقار اور مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے، پاکستان کو کسی صورت بھی دوسروں کی جنگ کا حصہ دار نا بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران پر جارحیت کی صورت میں پاکستانی قوم اپنے مسلم برادر ملک کے ساتھ کھڑی ہوگی، علامہ ناصر عباس جعفری
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو امن اور مفاہمت پر مبنی پالیسی اختیار کرنا ہوگی، خطے میں جاری ایران امریکہ کشیدگی کے حوالے سے تحمل اور بصیرت کے ساتھ فیصلے کرنا ہوں گے، پڑوسی مسلم برادر ملک ایران کو تنہا چھوڑنا ہرگز دانشمندی نہیں ہوگی۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ امریکی اور اس کے عرب اتحادیوں نے عالم اسلام خصوصاً عراق، شام، لیبیا اور یمن کو تباہ کردیا اور اب پاکستان پر ان کی نظریں جمی ہیں، لہذا حکومت دانشمندی کا مظاہرہ کرے اور مشرق وسطیٰ کی پراکسی وار کے عفریت سے دور رہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کی خام خیالی ہے کہ وہ ایران پر حملہ کریگا، اگر ایسی کوئی حماقت کی تو اس کی ناجائز اولاد اسرائیل صفحہ ہستی سے مٹ جائے گی اور امریکیوں کو ایک عبرت ناک شکست کا مزہ چکھنا پڑے گا، ضروری ہے کہ پاکستان اپنی سلامتی و بقا کے لئے امریکہ اور اس کے اتحادیوں سے دور رہے۔