وزیراعظم کا 30 جون کے بعد ٹیکس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا عندیہ
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے 30 جون کے بعد ٹیکس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا عندیہ دے دیا ہے۔ عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں حکومت کی اقتصادی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں حفیظ شیخ، حماد اظہر، شبر زیدی اور وزارت خزانہ کے دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے، ذرائع کے مطابق اجلاس میں 11 جون کو پیش کیے جانے والے بجٹ کے خدوخال پر مشاورت کی گئی اور چیئرمین ایف بی آر نے ایمنسٹی اسکیم پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔
یہ بھی پڑھیں: وہ وقت دور نہیں جب لوگ باہر سے روزگار کی تلاش میں پاکستان آئینگے، عمران خان
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے اقتصادی ٹیم سے سوال کیا کہ بڑے مگرمچھوں کو ٹیکس نیٹ میں کیسے لایا جائے، صرف تنخواہ دار طبقہ کیوں ٹیکس دے، وزیراعظم نے 30 جون کے بعد ٹیکس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ایمنسٹی اسکیم اور ٹیکس ریٹرنز کی تاریخ میں توسیع سے بھی جو فائدہ نہ اٹھائے اسے کوئی رعایت نہیں دیں گے جب کہ ٹیکس چوروں کو پکڑنے کیلئے تمام ادارے حکومت کے ساتھ ہیں۔