احتجاج کی صورت میں تیسری قوت آئی تو ذمہ دار نواز شریف ہوں گے، عمران خان
بنی گالہ: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمارے دھرنے کی آڑ میں فوج کو بدنام کیا جا رہا ہے اور اگر احتجاج کی صورت میں کوئی تیسری قوت آئی تو اس کے ذمہ دار نواز شریف ہوں گے۔
بنی گالہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں وزیراعظم عوام کو جوابدہ ہوتا ہے، پاناما لیکس کے معاملے پر الزام نہیں کرپشن کے ثبوت موجود ہیں اور تمام انگلیاں وزیراعظم کی طرف اٹھ رہی ہیں جب کہ نوازشریف کا سب سے بڑا مقصد ہی اپنی دولت بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ادارے انصاف نہ دیں تو پر امن احتجاج ہمارا حق بنتا ہے لیکن ہمارے دھرنے کی آڑ میں فوج کو بدنام کیا جا رہا ہے، دھرنے کے لئے فوج کی حمایت ہے نہ غیر ریاستی عناصر کی لیکن اگر کوئی تیسری طاقت آئی تو ذمہ دار نوازشریف ہوں گے۔
عمران خان نے کہا کہ 2 نومبرکو اسلام آباد میں عوام کا سمندرہو گا جسے حکومت روک نہیں سکے گی، خود کو اپوزیشن کہنے والے نوازشریف کا دفاع کر رہے ہیں اور سڑکوں پر نہ نکلنے کا کہنے والے اپنی کرپشن بے نقاب ہونے سے خائف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کورٹ نوازشریف کو سزادے گی لیکن ہم استعفیٰ یا تلاشی مانگ رہے ہیں لہذا سپریم کورٹ اپنا کام کرتی رہے، ہم اداروں کے اختیارات کے لیے نکلے ہیں۔