جو لوگ پکڑے جارہے ہیں اس سے ہمیں فائدہ ہوگا، وزیراعظم پاکستان
اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ اللہ تعالی کو پاکستان پر رحم آگیا ہے اور جو لوگ پکڑے جارہے ہیں اس سے ہمیں فائدہ ہوگا۔ اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس کے دوران انہیں لندن میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی گرفتاری سے آگاہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین لندن میں گرفتار
اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاری پر وزیراعظم عمران خان نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کو پاکستان پر رحم آگیا ہے، جو لوگ پکڑے جارہے ہیں اس سے ہمیں فائدہ ہوگا، مہذب معاشرے میں چھوٹے بڑے کے لیے الگ قانون نہیں ہوتا، اسی لیے نئے پاکستان میں سب کے لیے یکساں قانون ہے۔
اجلاس میں ارکان اسمبلی نے وزیراعظم سے ترقیاتی فنڈز جاری نہ ہونے کا شکوہ کیا تو وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بہت جلد ارکان اسمبلی کے حلقوں کے لیے فنڈز جاری کردیں گے۔