Featuredاسلام آباد

نیب کی حراست میں آصف زرداری کی طبیعت ناساز، ہسپتال منتقل

اسلام آباد: نیب کی حراست میں موجود سابق صدر آصف علی زرداری کو طبعیت ناساز ہونے کے بعد راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کو شوگر لیول میں کمی اور بلڈ پریشر کی بھی شکایت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری کی گرفتاری کے خلاف جیالوں کا احتجاج

ذرائع کا بتانا ہے کہ ماہر امراض قلب ڈاکٹر اظہر کیانی کو آصف زرداری کے چیک اپ کے لئے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیا لوجی بلایا گیا جہاں انہوں نے صدر پیپلز پارٹی کا طبی معائنہ کیا۔

نیب کی وضاحت

نیب حکام کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی دیکھ بھال کر رہے ہیں، پمز اور پولی کلینک کے دو میڈیکل بورڈ تشکیل دیئے گئے ہیں۔

نیب کا کہنا ہے کہ سابق صدر کا روزانہ کی بنیاد پر چیک اپ کیا جاتا ہے، ان کی زرداری کی صحت اچھی ہے، آصف زرداری کا دورہ اسپتال معمول کے چیک اپ کے لیے تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کا یہ چیک اپ میڈیکل بورڈ کے مشورے پر کیا گیا، ان کی صحت سے متعلق قیاس آرائی سے گریز کیا جائے۔

ترجمان پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ آصف زرداری کی طبیعت ناسازی سے متعلق انہیں اب تک اطلاع نہیں دی گئی۔

خیال رہے کہ نیب نے 10 جون کو سابق صدر آصف علی زرداری کو اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا۔

نیب حکام کی جانب سے 11 جون کو آصف علی زرداری کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے ان کا 10 روزہ ریمانڈ حاصل کیا۔

آصف زرداری کی گرفتاری کی 8 وجوہات

جیونیوز نے نیب کی طرف سے آصف زرداری کو گرفتار کرنے کی 8 بنیادی وجوہات کی تفصیلات حاصـل کرلیں۔

نیب نے اپنی دستاویزات وجوہات بیان کرتے ہوئے بتایا ہےکہ آصف زرداری پر رقوم اپنے ساتھیوں، بے نامی داروں اور فرنٹ مینوں کے ذریعے لانڈر کرنے کا الزام ہے، رقوم فراڈ منتقلیوں کے ذریعے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی گئیں، فراڈ منتقلیوں کے ذریعے رقم منتقل کرنے میں بینک حکام بھی ملوث تھے، جعلی اکاؤنٹس کے تجزیے میں پتہ چلتا ہے کہ منتقلیوں اور آپریشن کو دور سے کنٹرول کیا گیا۔

نیب دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہےکہ ملزم نے اس سے حتمی فائدہ اٹھایا، ملزم کے غیر قانونی بے نامی داروں، ساتھیوں، ملازمین نے کمیشن اور کک بیکس کو فراڈ قرضوں اور غیر قانونی فائدوں میں ظاہر کیا، ان رقوم کو مشکوک منتقلیوں کے ذریعے لانڈرنگ مقاصد کے لیے بینک میں دوبارہ انویسٹ کرایا گیا۔

دستاویزات کے مطابق سابق صدر زرداری کے فرنٹ مین اے جی مجید کے ذریعے بینک میں مفادات تھے، ثبوتوں سے ظاہر ہوتا ہے جعلی اکاؤنٹس اور خود کے درمیان اومنی گروپ کو رکھا گیا، اس کا مقصد جعلی اکاؤنٹس اور اپنے درمیان فاصلہ رکھنا تھا، آصف زرداری نے اومنی گروپ کے ذریعے جعلی اکاؤنٹس کھولے، ان میں بھاری رقوم ڈالیں اور نکالیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close