Featuredاسلام آباد

خواجہ آصف پر منی لانڈرنگ کا الزام، عثمان ڈار کا وزیراعظم انکوائری کمیشن میں ثبوت لانے کا دعویٰ

اسلام آباد: تحریک انصاف نے سابق وزیر خارجہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کی مبینہ کرپشن کا کیس وزیراعظم انکوائری کمیشن میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذارئع کے مطابق خواجہ آصف کے غیر ملکی کمپنیوں سے رابطے اور کروڑوں روپے کی مشکوک بینک ٹرانزیکشنز کی چھان بین ہوگی جب کہ مبینہ منی لانڈرنگ کی تفصیلات انکوائری کمیشن میں پیش کی جائیں گی۔

ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیر خارجہ کی اہلیہ اور بچوں کے غیر ملکی اکاؤنٹس میں رقم کی منتقلی کن ذرائع سے کی گئی اس حوالے سے بھی چھان بین ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: وقت آگیا ہے کہ منی لانڈرنگ کرنے والوں کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کیا جائے، وزیراعظم

اس کے علاوہ چھان بین ہوگی کہ وزارتوں میں ملنے والے اربوں روپے کا فنڈ کہاں خرچ ہوا جب کہ خواجہ آصف کے بطور وفاقی وزیر قومی خزانے کے استعمال کی تحقیقات بھی کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کے خلاف منی لانڈرنگ کے ذریعے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی انکوائری کی منظوری دی تھی۔

نیب اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ خواجہ آصف پر منی لانڈرنگ کے ذریعے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 36 لاکھ 68 ہزار 671 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔

 وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کی پریس کانفرنس

ادھر وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا ہے کہ خواجہ آصف نے پراجیکٹ کی آڑ میں کرپشن کی، انہوں نے کِک بیک لی اورمنی لانڈرنگ کی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے جو  تحقیقات کرے گا کہ دس سالوں میں جو 20 ہزار ارب قرضہ لیا گیا وہ کہاں گیا؟ قرضہ 6 ہزارسے 30 ہزار ارب تک کیسے پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف جب بجلی کے وزیر تھے 480 ارب کا گردشی قرضہ ادا کیا لیکن جب یہ گئے تو 1300 ارب کا گردشی قرضہ چھوڑ گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ گردشی قرضے واپس کرنے اور نندی پورکا رکارڈ جلانے کی تحقیقات ہونی چاہیے آخر نندی پور کا ریکارڑ کیوں جلا دیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیالکوٹ میں 18 ارب کا ترقیاتی فنڈ دیا گیا وہ رقم کہاں گئی؟سیالکوٹ میں تو کوئی یونیورسٹی، کالج یا روڈ نہیں بنی ہے۔

پریس کانفرنس میں عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ میں نے خواجہ آصف کے غیر ملکی اکاؤنٹس پکڑے ہیں جس میں کروڑوں روپے جمع کرائے گئے ہیں اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

تاہم وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ خواجہ آصف کے خلاف وزیراعظم انکوائری کمیشن میں ثبوت پیش کریں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close