آصف زرداری کی سندھ میں اکثریت اور اسلحے کی دھمکی سے نہیں ڈرتے، ایم کیو ایم
اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکن قومی اسمبلی اسامہ قادری نے کہا ہے کہ آصف زرداری کی اسلحے اور سندھ میں اکثریت کی دھمکی سے نہیں ڈرتے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما اسامہ قادری نے کہا کہ آصف علی زرداری بتائیں کل قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے ان کے مسلح سوچ نہ ہونے اور سندھ میں اکثریت ہونے کے بیان کا کیا مطلب تھا، وہ بتائیں کہ مرتضی بھٹو کو کس نے قتل کرایا۔
ان کا کہنا تھا کہ الذوالفقار بنانے اور پاکستان توڑنے والے کون تھے، آصف زرداری کے ذہن میں رہے اسلحہ اور اکثریت کی دھمکی سے ہم نہیں ڈرتے، ہم جنگ آزادی لڑنے والوں کی اولاد ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: متحدہ قومی کاؤنسل بنانے کا بہت جلد اعلان کروں گا، فاروق ستار
اسامہ قادری کا کہنا تھا کہ ملک کا خزانہ لوٹنے والے کہہ رہے ہیں پچھلا حساب کتاب ختم کریں، اب یہاں این آر او مانگا جارہا ہے، ان کرپٹ عناصر سے قومی خزانہ نکالا جائے اور خصوصی عدالتوں سے درخواست ہے کہ ان کرپشن مقدمات پر تیزی سے فیصلہ کریں، ملک میں اسلامی نظام معیشت لایا جائے۔
گزشتہ روز قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے آصف زرداری نے ایم کیو ایم پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا تھا کہ مشرف دور میں ایم کیو ایم کو کروڑوں روپے دیئے گئے انہوں نے خون بہا دیئے، اس وقت کہا گیا کہ ہتھیار لیں، خون بہائیں، ریڑھیاں توڑیں، پورے ملک نے دیکھا ایم کیو ایم نے کیا کیا، ہم نے کبھی ہتھیاروں کو ہاتھ نہیں لگایا، پورا سندھ لڑ پڑے تو یہ ویسے ہی تھوڑے تھے۔