سعودی عرب میں قید پاکستانیوں نے اجتماعی خودسوزی کی دھمکی دیدی
جھنگ : سعودی عرب جیل میں قید پاکستانیوں نے تین دن میں رہائی کیلئے اقدامات نہ کرنے پر اجتماعی خودسوزی کی دھمکی دے دی۔ جیل میں قید ایک سو اسی پاکستانیوں میں سے کئی بیمار بھی ہیں جبکہ ایک زندگی سے جنگ ہارگیا۔
تفصیلات کے مطابق روزگار کیلئے سعودی عرب جانے والے پاکستانیوں کو مسائل نے آن گھیرا۔ نوکری ملی مگر تنخوایں نہ ملنے کے باعث مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا گیا۔ سعودی حکومت نے 180 پاکستانیوں کو گرفتار کرکے جیل منتقل کر دیا۔ جن میں کئی افراد تو بیمار پڑ گئے جہاں علاج کی سہولت بھی موجود نہیں۔
کئی ماہ سے پابند سلاسل پاکستانیوں کا سفارتخانے کے کسی اہلکار نے حال تک نہ پوچھا جس پر احتجاجاً پاکستانی قیدیوں نے بھوک ہڑتال کر دی جس سے ضلع ٹانک کا رہائشی فتح شیرین نامی شخص جاں بحق ہو گیا۔ قیدی مظاہرین نے حکومت سے تین دن میں رہائی سے متعلق احکامات دینے کا مطالبہ کر دیا۔
سعودی عرب کی جیل میں قیدیوں نے 92نیوز کے توسط سے حکومت پاکستان سے مدد کی اپیل کر دی۔ قید پاکستانیوں کا کہنا ہے حکومت تعاون نہیں کریگی تو یہاں خود سوزی کرنے والوں کی ذمہ دار ہوگی۔