شہزاد اکبر جیسے کرائے کے ترجمان جھوٹی خبروں کو پھیلا رہے ہیں، مریم اورنگزیب
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز نے برطانوی اخبار کی خبر کو مسترد کرتے ہوئے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کردیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب نے برطانوی اخبار کی خبر کے صحافی ڈیوڈ روز کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ اخبار غلط خبروں کی وجہ سے شہرت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اخبار نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا حوالہ دیا تاہم سوال یہاں پر یہ ہے کہ کیا وہ سرکاری ملازم ہیں؟۔
مریم اورنگزیب نے اخبار کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس نے پاکستان کا نام خراب کیا جس کی وجہ سے نقصان ہورہا ہے۔
انہوں نے حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کرائے کے ترجمان جھوٹی خبروں کو پھیلا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان 45 منٹ تک جھوٹ بولتی رہیں جبکہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے ساتھ ہر روز کرائے کے ترجمان ملتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی اخبار کی خبر پر نون لیگ کا ویسا ہی ردعمل ہے جیسا پانامہ لیکس پر تھا، بیرسٹر شہزاد اکبر
ان کا کہنا تھا کہ نون لیگ کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے حسد میں وزیراعظم عمران خان ملک دشمنی کررہے ہیں۔ نون لیگی ترجمان نے کہا کہ پرانے الزامات پر شہباز شریف جیلوں میں رہ کر آئے ہیں، 600 ارب روپے کی منی لانڈرنگ آج تک ثابت نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف جیسا کام عمران خان نہیں کر سکتے، پشاور میٹرو بس سروس میں اتنی کرپشن ہوئی اس کی کوئی خبر شائع نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ کنٹینر پر بیٹھ کر سول نافرمانی کی بات کرنے والے آج وزیر اعظم سیٹ پر بیٹھ کر ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف ایک ایسے موقع پر خبر چلوائی گئی ہے جب روٹی 15 اور نان 20 روپے کی ہوگئی ہے جبکہ کاروبار بند ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک چھ فیصد ترقی کررہا تھا جبکہ آج ملک بند ہورہا ہے۔