پی ٹی آئی کے کارکنوں کو روکنے کیلئے حکومت نے اسلام آباد پشاور موٹروے بند کر دیا
صوابی : پی ٹی آئی کے کارکنوں کو صوابی انٹر چینج پر قائم کیمپ میں پہنچنے سے روکنے کے لئے حکومت کی جانب سے اسلام آباد پشاور موٹر وے کو بند کر دیا گیاہے ۔
تفصیلات کےمطابق اسلام آباد کی پچ پر سیاسی میچ کے لئےکپتان کے کھلاڑی سرگرم ہیں تو حکومتی ٹیم بھی کھل کر کھیل رہی ہے اور اب کپتان کے حمایتیوں کی شہر اقتدار میں آمد روکنے کے لئےاسلام آباد پشاور موٹر وے بھی بند کر دیا گیا ہے۔ دو نومبر کے احتجاج کو روکنے کے لئے حکومتی اقدامات کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے صوابی موٹروے انٹر چینج کے قریب کیمپ آفس قائم کیاگیا تھا ۔ خیبر پختونخوا کے علاقوں سے بڑی تعداد میں پی ٹی آئی کے کارکن کیمپ آفس جمع ہونے شروع ہوگئے تو کارکنوں کی آمد کو روکنے کے لئے برہان کے مقام پر کینٹینرز لگا کر موٹر وے کو بند کر دیا گیا ہر قسم کی ٹریفک کے لئے موٹر وے کی بندش کھلاڑیوں کے مشکلات پیدا کر رہی ہے تو عام شہری بھی اس سے متاثر ہورہے ہیں جبکہ چارسدہ، مردان اور صوابی انٹرچینج پرٹریفک کو جی ٹی روڈ پرمنتقل کیا جارہا ہے۔
دوسری طرف موٹر وے بند ہونے سے ایمبولینسیں بھی پھنس گئی ہیں جبکہ ایک دلہا بھی اپنی بارات کے ساتھ پھنس گیا ہے ۔