وزیردفاع خواجہ آصف اہل خانہ کے ہمراہ دبئی روانہ
اسلام آباد : وزیردفاع خواجہ آصف اہل خانہ کےہمراہ دبئی چلے گئے وزیر دفاع کی بیرون ملک روانگی پرسوالات اُٹھنےلگے۔ ان کا کہنا ہے کہ شادی میں شرکت کیلئے دبئی آیاہوں، کل صبح وطن واپس آجاؤں گا۔
تفصیلات کے مطابق قومی سلامتی سے متعلق متنازعہ خبرکی تحقیقات اورسرحدوں پرکشیدگی کے حالات میں وزیردفاع خواجہ آصف اہل خانہ کےہمراہ دبئی چلے گئے،موجودہ صورت حال میں ان کی بیرون ملک روانگی پرسوالات اُٹھنےلگے ہیں۔
ذرائع کےمطابق وزیردفاع خواجہ آصف دوپہر ایک بجے پی آئی اے کی فلائٹ پی کے ٹو ڈبل ون کے ذریعے روانہ ہوئے۔ ملک میں ایک جانب سیاسی کشیدگی عروج پرہے تو دوسری طرف سرحدوں پربھارتی فوج روایتی دشمنی کی بھڑاس نکال رہی ہے ایسے میں وزیردفاع کابیرون ملک چلے جانا کئی سوالات کوجنم دینے لگا۔
دو نومبر کووزیراعظم نے بھی کرغزستان جانا تھا لیکن انہوں نے اپنا دورہ منسوخ کردیا۔ دوسری طرف خواجہ آصف نے ٹوئیٹ کیا ہے کہ شادی کے لیے دبئی آئےہیں، کل صبح وطن واپس پہنچ جاؤں گا۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ ملک میں سیاسی حالات دن بدن بگڑتے جا رہے ہیں۔
ایک طرف سرل المائڈا کی متنازع خبر حکومت کے لیے درد سر بنی ہوئی ہے تو دوسری جانب عمران خان کی جانب سے دو نومبر کو دھرنے کے اعلان نے حکومت کے سکھ کا سانس چھین لیا ہے ،ایسے حالات میں پاکستان چھوڑ کر جانے پر خواجہ آصف انگلیاں اٹھنے لگی ہیں۔