اسلام آباد

پرامید ہوں کہ پاناما کیس کا معاملہ سپریم کورٹ میں قانون کے مطابق حل ہوگا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ احتجاج کرنے والوں کا مقصد پاناما لیکس کے معاملے کو سڑکوں پر اچھالنا تھا لیکن پاکستانی عوام نے سڑکوں پر احتجاج کو مسترد کردیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کے حوالے سے ہمارا موقف بڑا واضح ہے کہ اس کیس کا فیصلہ میرٹ پر ہونا چاہیئے، میں نے مسلسل کوشش کی اور خود سپریم کورٹ کو کمیشن بنانے کی درخواست کی، پاناما لیکس کے معاملے پر ایک قانون بھی تشکیل دیا اور ایک پارلیمانی کمیٹی بھی تشکیل دی لیکن پارلیمانی کمیٹی  سے متعلق ہماری کوششیں ناکام رہیں۔

وزیرعظم نواز شریف نے کہا کہ احتجاج کرنے والوں کا مقصد پاناما معاملے کو سڑکوں پر اچھالنا تھا لیکن پاکستانی عوام کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے سڑکوں پر احتجاج  کو مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ کا بڑا کرم ہے کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں آچکا ہے، بہت پر امید ہوں کہ سپریم کورٹ میں اس کیس کا فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق میرٹ پر ہو گا۔

اجلاس کے آغاز میں وزیراعظم نواز شریف نے ریاست کی رٹ قائم کرنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو سراہا جب کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے اسلام آباد لاک ڈاؤن سے مؤثر طور پر نمٹنے پر پولیس اور ایف سی کی کوششوں کی تعریف کی۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی رہنمائی میں اپنا فرض ادا کیا جب کہ پولیس اور ایف سی کے جوانوں نے اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close