اسلام آباد

افغان خاتون شربت گلہ کا اعتراف جرم، 15 دن کی سزا

افغان خاتون شربت گلہ کے وکیل مبشر نظر ایڈووکیٹ نے پشاور کے علاقے حیات آباد میں قائم خصوصی عدالت کے باہر بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شربت گلہ نے اقبالِ جرم کیا ہے ۔

اُن کے وکیل نے بتایا کہ عدالت نے اُن کو 15 دن قید اور ایک لاکھ 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

شربت گلہ کے وکیل نے بتایا کہ’جس دن سے انھیں گرفتار کیا گیا ہے اب تک وہ 11 دن جیل میں گزار چکی ہیں اور وہ چار دن مزید جیل میں گزاریں گی اور جرمانے کی ادائیگی کے بعد وہ رہا ہو جائیں گی۔

شربت گلہ کو رہائی کے بعد افغانستان ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔

اس سے پہلے بدھ کو ہونے والی گذشتہ سماعت میں عدالت نے شربت گلہ کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

شربت گلہ کی جانب سے ضمانت کی درخواست گذشتہ جمعے کے روز پیش کی گئی تھی جس پر وکیل صفائی اور استغاثہ کے دلائل مکمل ہونے کے بعد خصوصی عدالت کے جج نے فیصلے کے لیے آج جمعے کی تاریخ مقرر کی تھی۔

شربت گلہ کو پاکستان کا جعلی شناختی کارڈ رکھنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ جعلی شناختی کارڈ بنانے کے جرم میں نادرا کے دو افسران کو پہلے سے گرفتار کیا جا چکا ہے۔Sharbat Gula

شربت گلہ کی رہائی کے لیے اسلام آباد میں افغان سفارتخانے کی جانب سے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔

شربت گلہ نے 1980 کی دہائی میں نیشنل جیوگرافک میگزین کے سرورق پر اپنی تصویر کی اشاعت کے بعد عالمی شہرت پائی تھی۔ افغان سفارتخانے کے حکام کے مطابق اس تصویر سے شہرت پانے والی شربت گلہ اب عالمی سطح پر افغانستان کی شناخت بن چکی ہیں۔

شربت گلہ کو 26 اکتوبر کو پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے نے حراست میں لیا تھا جس کے بعد عدالت نے شربت گلہ کو جیل بھیج دیا تھا۔

شربت گلہ کی گرفتاری سے پہلے شناختی کارڈ بنانے والے وفاقی ادارے نادرا کے اہم اہلکاروں کو بھی شربت گلہ کے لیے جعلی شناختی کارڈ بنانے کے الزام میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔

گذشتہ اتوار کو اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران جب وزیرِ داخلہ چوہدری نثار کی توجہ اس معاملے پر مبذول کروائی گئی تو انھوں نے موقع پر ہی اپنے عملے کو شربت گلہ کی ضمانت یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی تھی۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ’مجھے اس کیس کو خود دیکھنا ہوگا کیونکہ شربت گلہ ایک خاتون ہیں اور اس مقدمے کو انسانی بنیادوں پر دیکھا جانا چاہیے۔‘

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close