پی آئی اے کے ٹاؤن آفسز ختم کرنے کا فیصلہ
پی آئی اے کے تمام ٹاؤن آفسز ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ پی آئی اے کے کراچی سمیت ملک بھر کے تمام بڑے شہروں میں ٹاون دفاتر کام کر رہے ہیں۔ پی آئی اے کو ٹاؤن آفسز کی مد میں کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ ٹاؤن آفسز کی جگہ ہر شہر میں اسمارٹ ٹکٹ آفس قائم کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ٹاؤن آفسز کا عملہ اسمارٹ ٹکٹ دفاتر میں کھپایا جائے گا۔ علاوہ ازیں پی آئی اے کے ٹکٹنگ سسٹم کو مکمل ویب سسٹم سے بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی آئی اے کے قائم مقام چیف آپریٹنگ آفیسر برنڈ ہلڈن برنڈ نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ پی آئی اے اپنے ٹکٹنگ سسٹم میں جدت پیدا کر رہی ہے۔ ویب ٹکٹنگ کے ذریعے قومی ایئر لائن کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا۔
برنڈ کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نے اس سال ایک ملین سے زائد مسافروں کا اضافہ کیا ہے جس سے پی آئی اے کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔ ٹاون آفسز ختم کرنے کے فیصلے سے کمیشن کی مد میں ائیر لائن کو کروڑوں روپے کی بچت اور ٹریول ایجنٹس پر انحصار کا خاتمہ ممکن ہوگا