حضرت امام حسینؓ کا چہلم ،ملک بھرمیں مجالس عزابرپا اور ماتمی جلوس نکالے جارہے ہیں
نواسہ رسول و شہدائے کربلاکی یاد میں ملک کے تمام شہروں میں جلوس برآمد ہوں گے، جلوس اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں
کراچی کے علاقے نشترپارک میں دوپہر بارہ بجے مجلس عزا منعقد ہوگی، مجلس عزا کے بعد مرکزی جلوس نمائش چورنگی سے برآمد ہوگا اور مرکزی جلوس حسینیه ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا، مرکزی جلوس کی سیکیورٹی پر5ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔
ایم اے جناح روڈ کے لنک روڈز کو کنٹینرز لگا کر سیل کردیا گیا جبکہ جلوس کے راستوں میں آنے والی دکانیں بھی سیل کردی گئی ہے، کراچی میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی عائد ہے۔
لاہور میں چہلم کامرکزی جلوس صبح ساڑھے نو بجے الف شاہ حویلی سے برآمد ہوگا، مرکزی جلوس کے راستے سیل اور سیکیورٹی پر چھ ہزار اہلکار تعینات ہیں۔
لاہور میں بھی چہلم شہدائے کربلاکے موقع پر شہر میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہے اور موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائدہے۔ جلوس کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔
پشاور میں چہلم کے موقع پراندرون شہر میں ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں، جلوس کی گزرگاہوں کو بی ڈی یو سے کلیئر کرایا جائے گا جبکہ امام بارگاہوں کو جانے والے راستوں پر اسکینرز لگائے گئے ہیں اور ماتمی جلوس کی ہیلی کاپٹرکے ذریعے فضائی نگرانی کی بھی جائے گی۔