کورونا کنٹرول کے لیے تمام وسائل استعمال کررہے ہیں
اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ معاشی عمل تیز کرنے کیلئے بڑے اقدامات کرنے جارہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کروناکنٹرول کے لیے تمام وسائل استعمال کررہے ہیں، بہتر حکمت عملی کے تحت ملک میں خوف کی فضا ختم ہو رہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی، اس موقع پر ملکی موجودہ صورت حال سمیت آئینی اور قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گڈگورننس اور انتظامی معاملات میں بہتری کے لیے مختلف تجاویز پر مشاورت ہوئی،اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کروناکنٹرول کے لیے تمام وسائل استعمال کررہے ہیں، بہتر حکمت عملی کے تحت خوف کی فضا ختم ہو رہی ہے، سب سے بڑا چیلنج عام آدمی تک فوری ریلیف پہنچانا تھا۔
خوشی ہے معاشی ٹیم نے بروقت ہنگامی ایکشن پلان ترتیب دیا، ملک میں معاشی عمل تیز کرنے کے لیے بڑے اقدامات کرنے جارہے ہیں، ملکی تاریخ میں پہلی بار غریب دوست ریلیف پیکجز دیے گئے ہیں۔
بابر اعوان کا کہنا تھا کہ مشکل صورت حال میں حکومت نے تدبر کا مظاہرہ کیا ہے، اپوزیشن کے پاس عوامی منشور نہیں صرف الزام کی سیاست کررہی ہے، پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے سے پہلے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانا ہوگا۔