اسلام آباد

اسپیکر قومی اسمبلی کی کرسی پر (ن) لیگ کا جیالا دکھائی دے رہا ہے، شاہ محمود

 اسلام آباد: تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر کی کرسی پر (ن) لیگ کا جیالا دکھائی دے رہا ہے لہٰذا ایاز صادق کو جیالا بننا ہے تو اسپیکر کی کرسی چھوڑ دیں۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی سربراہی میں ہوا جس سے اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے ایاز صادق کو اسپیکر کہنے سے انکار کرتے ہوئے ان کا نام لے کر مخاطب کیا جس پر ایاز صادق نے کہا کہ ان چیزوں سے عزت کم نہیں ہوتی۔

شاہ محمود قریشی جب ایوان میں اظہار خیال کرنے لگے تو اس دوران (ن) لیگی ارکان نے شور شرابہ شروع کردیا، وزیر مملکت عابد شیر علی اور جمشید دستی نے شاہ محمود قریشی کی تقریر کے دوران شور شرابہ کیا جس پر اسپیکر نے انہیں خاموش رہنے کی ہدایت کی۔

اسپیکر کی جانب سے بولنے کی ہدایت پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گزشتہ روز ہمیں بات نہیں کرنے دی گئی، کسی کو حق نہیں کہ ملک کی دوسری مقبول جماعت کو بولنے سے روکے،کل میں نے دیکھا کہ اسپیکر دباؤ کا شکار تھا، حکومتیں تو فراخدلی کا مظاہرہ کیا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر کی کرسی کا تقدس جانتا ہوں لیکن اسپیکر کی کرسی پر (ن) لیگ کا جیالا دکھائی دے رہا ہے اور  ہماری آواز دبانے کی کوشش کی گئی تو کہوں گا کہ اسپیکر (ن) لیگ کا جیالا ہے، ایاز صادق کو جیالا بننا ہے تو اسپیکر کی کرسی چھوڑ دیں کیونکہ اسپیکر جیالا نہیں بن سکتا۔

شاہ محمود کی تقریر کے دوران وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی جانب سے دخل اندازی کی گئی جس پر شاہ محمود قریشی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعد رفیق نے گزشتہ روز ہمارے لوگوں کو غنڈہ کہا جس پر ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتا ہوں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close