آرمی چیف کی سعودی فرمانروا سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ان دنوں سعودی عرب کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں جانب سے دوستانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب خطے کے استحکام کے لئے اہم شراکت دار ہیں جن پر مسلم امہ کی بھاری ذمہ داری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دہشت گردی اور شدت پسندی کے مکمل خاتمے کے لئے تعاون کو جاری رکھنے پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے سعودی نائب ولی عہد اور وزیردفاع شاہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی جنہوں نے پاکستان میں امن اور استحکام کے لئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی جب کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے حرمین شریفین اور سعودی عرب کی سالمیت کی حفاظت کے لئے اپنے عزم کو دہرایا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی فورسز کے جنرل اسٹاف جنرل عبدالرحمان بن صالح البنیان سے بھی ملاقات کی جب کہ دونوں سربراہان نے فوجی تعاون بڑھانے کے ساتھ ایک ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔