کسی نام نہاد پاناما پیپرز کا حصہ نہیں، مریم نواز کا سپریم کورٹ میں جواب
اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے پاناما لیکس کے حوالے سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی نام نہاد پاناما پیپرز کا حصہ نہیں۔
پاناما کیس میں مریم نواز کے وکیل نے اپنی موکلہ کی جانب سے تحریری جواب جمع کرایا جس میں کہا گیا کہ وہ کسی نام نہاد پاناما پیپرز کا حصہ نہیں، ان پر لگائے جانے والے تمام الزامات بے بنیاد اور نیسکول سے ان کا نام جوڑنا سراسر ظلم ہے۔ نیسکول کی ڈیڈ پر ان کے دستخط جعلی ہیں جب کہ منروا ٹرسٹ سے منصوب تمام ای میلز اصلی نہیں۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ رائے ونڈ اسٹیٹ کی زیادہ تر جائیداد ان کی دادی کے نام پر ہے، رائے ونڈ اسٹیٹ میں پانچ گھر ہیں۔ ایک گھر میری دادی کے پاس، ایک گھر والد اور والدہ کے پاس، تیسرا گھر مرحوم چچا عباس شریف کے خاندان کے پاس، چوتھا گھر دوسرے چچا میاں شہباز شریف کے پاس ، جبکہ پانچواں گھر میرے پاس ہے۔