‘مولاناعزیزکوسرکاری گارڈز پیپلزپارٹی نے دیئے’
اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ مولانا عبد العزیز کو سرکاری گارڈز پیپلز پارٹی نے دیئے، ان کو جمعے کا خطبہ دینے سے میں نے روکا۔
ٹیکسلا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری نثار نے واضح کیا کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ مولانا عبد العزیزکے خلاف مقدمات نہیں ہیں۔
ائیر بیس پٹھان کوٹ پر حملے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے پاکستان نے خصوصی ٹیم ہندوستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ تحقیقاتی ٹیم بھیجنے کے لیے جلد ہندوستان سے درخواست کی جائے گی۔
کالعدم تنظیموں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد تنظمیں داعش کا نام استعمال کرکے فرنچائز کھول رہی ہیں، داعش کی تنظیم کا پاکستان میں وجود نہیں، پاکستان میں 45 سے زیادہ دہشت گرد تنظمیں موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد ہمارے نشانے پر ہیں اور بھاگ رہے ہیں، پکڑے جانے والے دہشت گردوں کا تعلق مختلف دہشت گرد تنظیموں سے ہے، حالیہ دنوں میں پکڑے گئے افراد کالعدم لشکر جھنگوی ، جماعۃ الدعوۃ اور حزب اسلامی کے لوگ تھے، ان گرفتار افراد کو داعش سے جوڑا گیا۔
پاک فوج کے سربراہ کی ریٹائرمنٹ نہ لینے کے بیان پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کو حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے، آرمی چیف کی ریٹائرمنٹ میں ابھی 10 ماہ باقی ہیں۔