وزیر اعظم نے کوئی جھوٹ نہیں بولا
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اونگزیب نے کہا ہے کہ ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ وزیر اعظم نوازشریف کا پاناما کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اسی لیے عدالت میں پاناما کا ذکر نہیں ہو رہا ۔ عمران خان ساڑھے تین سال سے ویڈیو گیم کھیل رہے ہیں اور پاناما کیس کے بعد بھی ویڈیو گیمز ہی کھلیں گے ۔
پاناما کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہرطلال چودھری کیساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاعمران خان عدالت سے باہر مقدمہ لڑ رہے ہیں اور انہیں کنٹینر پر کیس لڑنے کی عادت ہے ۔ ”عمران خان ابھی سے مریم نوازسے ڈر رہے ہیں اورانکے وکیل اپنے دلائل سے بھی پیچھے ہٹ چکے ہیں کہ مریم نواز وزیر اعظم کی زیر کفالت نہیں ہیں ۔انکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے پارلیمنٹ میں تقریر اور قوم سے خطاب میں کوئی جھوٹ بولا اور نہ ہی وہ جھوٹ کے عادی ہیں ۔
طلال چودھری نے کہا کہ جیسے جیسے موسم سرد ہو رہا ہے عمران خان کے ارمان بھی ٹھنڈے ہوتے جا رہے ہیں اور وہ کیس ہارنے کی طرف جا رہے ہیں ۔ ایک ایک چیز کا جواب اور ثبوت عدالت میں بھی دیں گے او رعوام میں بھی دیں گے ۔
انکا کہنا تھاکہ جن لوگوں نے ثبوتوں کی اے بی سی بھی جمع نہیں کرائی وہ بی بی سی کہہ کر اپنے آپ کو سچا ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔” آپ ہر جلسے میں کوئی فیصلہ سناتے ہیں اور عدالت کے اندر انکھیں نہیں اٹھاتے کیونکہ عدالت میںجھوٹ جمع کرائے ہیں“ ۔ہمارے وکیل نے قانون کی کتابیں پڑھی ہیں اور آپکے وکیل نے ردی کی کتابیں جمع کرائی ہیں ۔
طلال چودھری نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ سے فیصلہ قانون کے مطابق وزیر اعظم نوازشریف کے حق میں آئے گا۔ ہم عدالت کے اندر بھی مقابلہ کریں گے اور عوامی عدالت میں بھی ۔آپکے الزام دھاندلی کے کیس میں بھی ہارے اورعوامی عدالت میں بھی ہاریں گے ۔