آرمی چیف سے امریکی سینٹ کے سربراہ کی ملاقات
اسلام آباد : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی سینٹ کے کمانڈر نے ملاقات کی، جس میں افغانستان کی سیکیورٹی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جوزف ایل ووٹیل نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں افغانستان کی سیکیورٹی صورتحال، سرحدی معاملات اور پیشہ ورانہ باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔
جنرل باجوہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان افغان قیادت میں افغان امن عمل کی حمایت کرتا ہے، دہشتگردوں کیخلاف بلا امتیاز آپریشن کئے، افغان اور امریکی حکام کے ساتھ سرحدی علاقے میں کام کیلئے تیا رہیں۔
سربراہ پاک فوج نے امریکا کے ساتھ دہشت گردی اور خطے کے استحکام کیلئے قائم تعلقات پر روشنی ڈالی، افغانستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے تناظر میں ان کا کہنا تھا کہ بلیم گیم سے خطے کا امن اور استحکام متاثر ہوگا، پاکستان میں افغانستان کیخلاف استعمال ہونیوالے دہشت گردوں کے
کسی بھی طرح کے محفوظ ٹھکانے موجود نہیں۔
امریکی سینٹرل کمان کے سربراہ نے دہشت گردی کیخلاف پاکستانی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے قیام امن کیلئے پاکستان کی قربانیوں کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں قیام امن اور استحکام کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مسلسل شراکت انتہائی ضروری ہے۔
اس سے قبل امریکی سینٹ کام کے کمانڈر کو جی ایچ کیو آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، انہوں نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔