مریم نواز نے آمدنی اور ٹیکس ادائیگیوں کا ریکارڈ سپریم کورٹ میں پیش کردیا
اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے گزشتہ 5 سال کی آمدنی اور ٹیکس ادائیگیوں کی تفصیلات سپریم کورٹ میں پیش کردی ہیں۔
مریم نواز کے وکیل شاہد حامد نے ایڈوکیٹ آن ریکارڈ کے ذریعے اپنی موکلہ کا جواب اور اضافی دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کرایا ہے۔ جس میں مریم نواز کی پانچ سالہ زرعی اور غیر زرعی آمدن، ٹیکس ادائیگی اور بینک اکاؤنٹس کی اسٹیٹمینٹ کی تفصیلات کے علاوہ بیگم شمیم اختر کے 2010 میں اثاثوں کی تفصیل بھی شامل ہے۔
مریم نواز نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ رائیونڈ اسٹیٹ کے پانچ میں سے ایک گھر میں اپنے 3 بچوں اور شوہر کے ہمراہ رہائش پذیر ہیں اور جلاوطنی کے دور کے علاوہ مستقل اسی گھر میں رہتی ہیں، باقی گھروں میں بیگم شمیم اختر، نوازشریف، شہباز شریف اور مرحوم عباس شریف کے خاندان رہتے ہیں، رائیونڈ اسٹیٹ کے مشترکہ اخراجات مل کر برداشت کئے جاتے ہیں، انہوں نے 2013 میں مشترکہ اخراجات کی مد میں 50لاکھ روپے ادا کئے، 2014 اور 2015 میں 60، 60 لاکھ روپے ادا کئے۔
اپنے جواب میں مریم نواز نے موقف اختیار کیا ہے کہ درخواست گذار نے ان کے گوشوارے ٹھیک طرح سے پڑھے بغیر غلط الزامات لگائے،جھوٹے الزامات لگانے پر درخواست گذار کے خلاف کارروائی کی جائے۔