سی پیک اور اس سے وابستہ افراد کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے، چوہدری نثار
اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ سی پیک خطے کی خوشحالی و ترقی کےلئے نئے باب رقم کرے گا اس منصوبے اور اس سے وابستہ افراد کی سیکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار سے سی پیک کے اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن کے سربراہ میجرجنرل عابدرفیق نے ملاقات کی جس میں سی پیک منصوبے کی سیکیورٹی سے متعلق کیے گئے اقدامات پر غور اور سی پیک کی اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن سے متعلقہ امور پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ ناصرف پاک چین دوستی کے رشتے کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگا بلکہ خطے کی خوشحالی اور ترقی کے لئے نئے باب رقم کرے گا،منصوبے کو درپیش اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ منصوبے کی سیکیورٹی کے لئے مربوط اقدامات کئے جائیں اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔
چوہدری نثار نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیحات میں ہے کہ وہ سی پیک منصوبے اور اس سے وابستہ افراد کو بھرپورسیکیورٹی فراہم کرے پاک آرمی، سول آرمڈ فورسز اور ایس ایس جی پر مشتمل اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن کا قیام اس بات کا واضح مظہرہے، ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کی سیکیورٹی کے سلسلے میں حکومت کی جانب سے اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن کی تمام ضروریات پوری کی جائیں گی اورحکومتی ادارے اور محکمے ایس ایس ڈی سے ترجیحی بنیادوں پرتعاون کریں گے۔