سیاست میں مفاہمت ہوسکتی ہے اور ہونی بھی چاہیے : اسد عمر
اسلام آباد: اسد عمر کا کہنا ہے کہ نواز شریف، زرداری اور زرداری نواز شریف کو استعمال کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ نواز شریف پاکستان آنے کو تیار نہیں، لندن میں بیٹھ کر ہوا کھا رہے ہیں، وہ سمجھتے ہیں میں تو سسٹم سے باہر ہی ہوں باقی بھی نکل جائیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم والے موٹروے پر چلنے والی گاڑیوں کے مسافروں کی طرح ہیں جن کی منزل ایک نہیں ہے، نواز شریف، زرداری اور زرداری نواز شریف کو استعمال کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
اسد عمر نے کہا کہ نواز شریف کی جیب سے کچھ نہیں جائے گا وہ صرف لڑانا چاہتے ہیں، سسٹم ٹوٹے گا تو بھی نواز شریف کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ منتخب ہوچکے ہیں اب انہیں کچھ ملنا نہیں اس لیے کھل کر بات کررہے ہیں، پچھلی بار بھی یہ آئے تھے مگر پیپلزپارٹی نے سڑکوں پر آنے سے منع کردیا تھا، نواز شریف لندن میں بیٹھ کر پاکستان کی فوج سے ٹکرانے کی بات کرتے ہیں، عوام ان کے ساتھ نہیں ہے ان کے پاس کوئی اخلاقی جواز نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان کی عوام کے لیے بہتر کام کرنا ہے، اسمبلی میں آئین سازی کے لیے ہم ہمیشہ سے تیار رہے ہیں، آئینی ترامیم کے لیے دیگر جماعتوں کی ضرورت پڑ سکتی ہے، سیاست میں مفاہمت ہوسکتی ہے اور ہونی بھی چاہیے۔