نواز شریف آج بھی چوہدری شوگر مل سے تنخواہ لے رہے ہیں
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ چوہدری شوگر ملز میں شہباز شریف کے شیئرز ہیں، نواز شریف آج بھی چوہدری شوگر مل سے تنخواہ وصول کررہے ہیں، چوہدری شوگر مل کا پرانا حساب کتاب دیکھا جائے تو نام سامنے آجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اپنے مفاد کے لیے شوگر ملز جنوبی پنجاب منتقل کی جارہی ہیں اور لاہور ہائی کورٹ کے فیصلوں کو کوئی اہمیت نہیں دی گئی بالکل اسی طرح جس طرح شریف برادران نے ہائی کورٹ کے کئی اسٹے آرڈرز کواہمیت نہیں دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ فیصلہ شریف برادران کی ملز کے خلاف نہیں قانون کے مطابق آنا چاہیے،شریف برادران اپنی ملز منتقل کررہے ہیں اور لوگوں کو روکتے ہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود شریف برادران کی شوگر ملز چل رہی ہیں،شوگر ملز کے معاملے پر شہباز شریف نے حلف کی خلاف ورزی کی، اس خلاف ورزی پر اسپیکر پنجاب اسمبلی کو درخواست دی ہے کیوں کہ ہماری نظر میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نااہل ہوچکے ہیں۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ عدالت کی سماعت کے دوران شریف برادران نے جھوٹ بولے، عدالت کو کہا گیا کہ شوگر مل منتقل نہیں کی جارہی بلکہ پاور پلانٹ لگایا ہے، چوہدری شوگر مل نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں جب نیب کام کررہی تھی تو انہیں تحقیقات سے روک دیا گیا، ایک وقت آئے گا جب دبائی گئی چیزیں سامنے آئیں گی۔