حکومت پر الزامات کا سلسلہ جاری رہا تو صورتحال قوم کے سامنے رکھ دوں گا، چوہدری نثار
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر ایک سیاسی جماعت نے وفاقی حکومت پر بے سرو پا الزامات کا سلسلہ جاری رکھا تو چند روز میں ساری صورتحال قوم کے سامنے رکھوں گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران چوہدری نثار نے کہا کہ گزشتہ روز سیہون کے دورے کے دوران انہوں نے سیکیورٹی کے جو حالات دیکھے وہ ان کا اظہار نہیں کرنا چاہتے کیونکہ اس معاملے پر سیاست کرنا پوری قوم اور اس مشن سے زیادتی ہوگی لیکن ایک سیاسی جماعت کے مذموم اور یک طرفہ پراپیگنڈے کی وضاحت ضروری ہے۔ وزیرِ داخلہ کی حیثیت سے انہوں نے ہمیشہ اس اصول پر سختی سے عمل کیا ہے کہ دہشت گردی کے کسی واقعے کو بنیاد بنا کر نہ تو سیاست کی جائے اور نہ کسی پر الزام تراشی کی جائے لیکن ایک سیاسی جماعت کے چند اکابرین نے انتہائی شرمناک انداز سے وفاقی حکومت پر الزام تراشی کی ہے، وہ اپنی مجرمانہ نااہلی چھپانے کے لئے اس افسوس ناک واقعے پر سیاست پر اتر آئے ہیں جو انتہائی قابل مذمت ہے، ان لوگوں کو اگر شرمندگی نہیں تو کچھ خدا کا خوف ضرور ہونا چاہیے۔ اگر ان کی جانب سے بے سرو پا الزامات کا سلسلہ جاری رہا تو آئندہ چند روز میں ساری صورتحال قوم کے سامنے رکھوں گا۔
چوہدری نثار نے کہا کہ سیہون دھماکے کی تحقیقات میں تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے، لاہور دھماکے میں ملوث مزید سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، یہ سہولت کار حضرو، اٹک اور ٹیکسلا سے گرفتار کئے گئے ہیں۔