پاک افغان سرحد پر سکیورٹی مشترکہ دشمن سے لڑنے کے لیے بڑھائی گئی، آرمی چیف
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد پر سکیورٹی مشترکہ دشمن سے لڑنے کے لیے بڑھائی گئی ہے جب کہ پاکستان اور افغانستان دہشت گردی کے خلاف مل کر لڑرہے ہیں اور لڑتے رہیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں اعلیٰ سطح کا سکیورٹی اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پر سکیورٹی مشترکہ دشمن سے لڑنے کے لیے بڑھائی گئی ہے، دہشت گرد کسی رنگ و نسل سے ہوں مشترکہ دشمن ہیں جب کہ پاکستان اور افغانستان دہشت گردی کے خلاف مل کر لڑرہے ہیں اور لڑتے رہیں گے۔اجلاس میں آرمی چیف نے فوج کو افغان فورسز کے ساتھ سرحد پرموثر رابطے رکھنے کی ہدایت کی تاکہ سرحد پر دہشت گردوں اور غیر قانونی نقل و حمل کو روکا جاسکے۔
آئی آیس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے افغان حکام کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف موثر نتائج کے لیے باہمی رابطے بڑھانے کی حالیہ تجویز کا خیرمقدم کیا۔