Featuredاسلام آباد

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان

اسلام آباد : مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے اچھی خبر ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دو روپے کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

 

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارتی (اوگرا) نے پٹرولیم ڈویژن حکام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری ارسال کر دی۔ پیٹرولیم ڈویژن حکام کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کی سمری موصول ہوئی ۔

جس کی منظوری سے پٹرولیم مصنوعات 2 روپے فی لیٹر تک سستی ہونے کا امکان ہے۔ اوگرا نے اپنی سمری میں عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم لیوی میں اضافہ نہ کرنے کی تجویز دی ہے۔

سمری میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 2 روپے فی لیٹر کمی کی سفارش کی گئی ہے۔ کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 108.35 روپے جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 111.08 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔

حکام کے مطابق قیمتوں میں کمی 15 دن کے لیے تجویر کی گئی ہے۔ وزیر اعظم کی منظوری کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان آج شام کو ہو گا۔ واضح رہے کہ 31 مارچ کو بھی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی تھی۔وزارت خزانہ نے یکم اپریل سے اگلے پندرہ روز کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلامیہ جاری کیا تھا۔ اوگرا کی سفارش پر وزارت خزانہ نے ڈیزل کی قیمت میں3 روپے فی لیٹر کمی کی۔

پٹرول 1روپے 55 پیسے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 1روپیہ 56 پیسے اور مٹی کا تیل ایک روپے 55 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا تھا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 110 روپے35 پیسے، ڈیزل کی نئی قیمت 113 روپے 8 پیسے، لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 79 روپے 86 پیسے اور مٹی کے تیل کی نئی قیمت 82 روپے 6 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔ تاہم اب ایک مرتبہ پھر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سفارش کر دی گئی ہے ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close