وزیراعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کے مابین رابطے کی کوششیں تیز کر دی
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے معاملے پر حکومتی وزرا متحرک ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق حکومتی وزرا نے وزیراعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کے مابین رابطے کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ بعض حکومتی وزرا نے جہانگیر ترین سے بیک ڈور رابطے بھی کیے۔ وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی بھی جہانگیر ترین سے صلح کے خواہشمند ہیں۔
جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے بھی رابطے تیز کر دئے ہیں۔ حکومتی اراکین کا کہنا ہے کہ چاہتے ہیں معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہو۔
سخت بیانات سے گریز بہت زیادہ ضروری ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ برس ایف آئی اے میں چینی بحران اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی جہانگیر ترین کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، جہانگیر ترین کی عدالت میں پیشی کے موقع پر پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی اور کچھ مشیروں نے بھی ان سے اظہار یکجہتی کیا تھا جس کے بعد پی ٹی آئی کی صفوں میں تقسیم کی چہ مگوئیاں ہونے لگی تھیں۔
جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے قومی اور صوبائی ارکان قومی اسمبلی اور مشیران نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا تھا، جس میں وزیراعظم سے جہانگیر ترین کے معاملے پر ذاتی دلچسپی لینے کی درخواست کرتے ہوئے وزیراعظم سےملاقات کے لیے وقت مانگا تھا۔
علاوہ ازیں گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ ’’کیا جہانگیرترین سے فاصلے بڑھ گئے ان کی ملاقات کی درخواست پر انہیں سنا جائےگا؟‘‘ جس پر وزیراعظم نے کہا کہ سب کی بات سننے کو تیار ہیں ان کو سمجھنا چاہیے ایسا کیوں ہورہا ہے۔