اسکول عید تک بند رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد: وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ پہلی سے آٹھویں جماعت تک اسکول عید تک بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کی زیرِ صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزرائے تعلیم نے شرکت کی۔
اجلاس کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے ایک بیان میں وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے بتایا ہے کہ اجلاس میں ملک بھر میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک اسکول عید تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں اتفاقِ رائے سے تمام وزرائے تعلیم کے فیصلے لیے گئے، متاثرہ اضلاع میں نویں سے بارہویں تک ایک دن چھوڑ کے ایک دن کلاسیں شروع کی جائیں گی۔
شفقت محمود کا کہنا ہے کہ کلاسیں شروع کرنے کا مقصد ہے طلباء بورڈ کے امتحانات کی تیاری کر سکیں، نویں سے بارہویں جماعت تک امتحانات مئی کے آخری ہفتے سے پہلے نہیں ہوں گے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ نویں سے بارہویں جماعت کے امتحانات نئی تاریخوں کے تحت ہوں گے، امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان متعلقہ بورڈ کریں گے۔
وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کا یہ بھی کہنا ہے کہ امتحانات کا نیا شیڈول مدِنظر رکھتے ہوئے یونیورسٹیز میں داخلے کیئے جائیں گے۔