پنجاب میں رینجرز کو 60 روز کیلئے خصوصی اختیارات دیدیے گئے
اسلام آباد:وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے لئے رینجرز کو 60 روز کے اختیارات مل گئے ہیں۔
وزیر داخلہ چوہدری نثار کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ایپکس کمیٹی پنجاب کی جانب سے صوبے میں رینجرز کو اختیارات دینے کی سفارش کے معاملے کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ، سیکرٹری داخلہ، چیف سیکرٹری پنجاب، ہوم سیکرٹری، آئی جی پنجاب اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزارت داخلہ کی جانب سے رینجرز کو پنجاب میں 60 روز کے لئے خصوصی اختیارات دینے کی منظوری دی گئی جس کے مطابق رینجرز پنجاب ہوم ڈپارٹمنٹ کی ہدایت پر صوبے میں مخصوص مقامات پر کارروائی کر سکے گی اور رینجرز کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت اختیارات حاصل ہوں گے۔
وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کیخلاف جنگ میں مضبوط اعصاب اور قومی یکجہتی کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے صوبوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی پالیسی پر سختی سے کاربند اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رینجرز دہشتگردوں کے خلاف پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت کرے گی اور دہشت گرد اور ان کے سہولت کار جہاں بھی ہوں گے تعاقب کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
واضح رہے کہ سانحہ لاہور اور پھر سہون میں دہشت گردی کے واقعات کے بعد پنجاب میں چھپے دہشت گردوں کے خلاف رینجرز آپریشن کا مطالبہ کیا جا رہا تھا جس کی دو روز قبل پنجاب حکومت نے منظوری دی تھی اور گزشتہ روز پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی سمری پر گورنر سندھ محمد رفیق رجوانہ نے بھی دستخط کر دیئے تھے۔