پُرامن احتجاج کرنے والوں کو نہیں روکیں گے
اسلام آباد: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کل لاہورمیں جو ہوا اس کے ردعمل میں مفتی منیب نے ملک میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہم پرُامن طریقے سے احتجاج ریکارڈ کرانے والوں کو نہیں روکیں گے، امن و امان کی صورتحال پیداہوئی تو حفاظتی اقدامات کریں گے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کل لاہورمیں جو ہوا اس کے ردعمل میں مفتی منیب نے ملک میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا۔
وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ ہم رات سے ہی سارے لوگوں سے رابطے میں ہیں، کوئی اپنی مرضی سے دکان، ٹرانسپورٹ بند اور گھر پر رہنا چاہتا ہے تو اجازت ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ میرا مشورہ ہے حکومت ایسی چیز نہ کرے جو ممکن نہ ہو ،حکومت کو مشورہ ہے وقتی فائدے کیلئے بڑی تکلیف میں نہ ڈال دیں، یہ بھی دیکھنا ہے کسی اور مسلمان کو ہمارے ایکشن کی وجہ سےتکلیف نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کو موجودہ صورتحال پر اعتماد میں نہیں لیا گیا، اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر ہی بہتر حل کی طرف جاسکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ پونے دوسال سے جیل میں ہیں،باقی جگہ پر تو کچھ نہ کچھ ریلیف مل رہا ہے، مگر پیپلز پارٹی کیس کا سامنا کر رہی ہے اور غلط کیسوں کا بھی سامنا کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ جیل میں ہیں ،ڈیل وغیرہ کی کوئی بات نہیں ہے۔
وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ مجھے آج 66 یا 68 والیم ملیں گے، ان کو دیکھ کر ہی کچھ بتا سکوں گا، ، انہوں نے بتایا کہ نوری آباد پاور پلانٹ اس وقت بھی کراچی کو 100میگا واٹ بجلی دے رہاہے ،میرٹ آرڈر کے تحت بجلی لینےوالا دیکھتاہے سب سے سستی بجلی کہاں سے مل رہی ہے۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ میرٹ آرڈر پر کے الیکٹرک 650 میگاواٹ بجلی این ٹی ڈی سی سے لیتا ہے، نوری آباد پاور پلانٹ کیلئے بینکوں نے جو قرضے دیئے وہ بینکوں کوواپس مل رہے ہیں،
حکومت سندھ کی ایکویٹی پاورپلانٹ میں ہے وہ پیسے ہمیں نہیں مل رہے۔
انہوں نے کہاکہ نیب ریفرنس اور انویسٹی گیشن کی وجہ سے وہ پیسے روکے ہوئے ہیں، ان کا مزید کہنا تھاکہ نوری آبادپاور پلانٹ کامیاب منصوبہ ہے کراچی کی لوڈشیڈنگ میں دو تین گھنٹے کمی آئی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے بتایا کہ این سی او سی کی 31مارچ کی میٹنگ میں ،میں نے کراچی سے شرکت کی تھی، میں نے کورونا وباء پھیلاو روکنے کیلئے انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بند کرنے کی تجویز دی تھیجونہیں مانی گئی ، جبکہ میں نے کہا تھاگڈز ٹرانسپورٹ چلنے دیں اورلوکل مارکیٹ ایس اوپیزکےتحت کھلنے دیں۔
مراد علی شاہ نے کہاکہ کورونا وبا کی وجہ سے گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ اموات ہوئیں، دو ہفتوں کیلئے انٹر سٹی ٹرانسپورٹ رک جاتی تو وباء کا پھیلاؤ رک جاتا،اب مجھے محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ سندھ میں بھی کورونا کے کیس بڑھ رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ہم کورونا کا پھیلاو روکنے کیلئے لائحہ عمل بنائیں گے،لگتا ہے وفاق ایکشن نہیں لے گا ہمیں ہی کچھ ایکشن لینا ہوگا،ہم پرائیوٹ سیکٹر کے ماہرین سے پوچھ کر کوئی راستہ نکالیں گے تاکہ وباء کو روکا جاسکے۔