عمران خان کی امریکی ڈرون حملے کی مذمت
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملہ انسانی حقوق اور ہماری خود مختاری کی خلاف ورزی ہے۔ اس کے منفی اثرات سامنے آئیں گے۔
انہوں نے ڈرون حملے کی سخت مذمت بھی کی۔
گزشتہ روز پاک افغان سرحدی علاقے کرم ایجنسی میں ڈرون کے ذریعے میزائل داغا گیا جس میں دو مشتبہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ڈرون حملے میں ایک موٹر سائیکل مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی جبکہ اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد غیر قانونی طور پر پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
اسی وقت امریکی ڈرونز نے افغانستان کے علاقے لال پور میں بھی ڈرون حملہ کیا جس کے نتیجے میں تحریک طالبان کے 4 کارندے ہلاک ہوئے۔
مقامی پولیٹکل انتظامیہ کے مطابق حملے میں مارے جانے والے افراد کی شناخت شاکر اور قاری عبد اللہ کے نام سے ہوئی۔
یاد رہے کہ یہ امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بر سر اقتدار آنے کے بعد پاکستان اور افغانستان میں پہلا ڈرون حملہ ہے۔