ہماری زندگی اور خون پاکستان کے لیے ہے، سربراہ پاک فوج
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہماری زندگی اور خون پاکستان کے لیے ہے کیونکہ مادر وطن کے تحفظ میں جان قربان کرنا سب سے زیادہ مقدس ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ روز دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں شہید ہونے والے پاک فوج کے لیفٹیننٹ خاور شہید اور نائیک شہزاد شہید کی نماز جنازہ کور ہیڈ کوارٹر پشاور میں ادا کی گئی جس میں کمانڈر آرمی ایئر ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل زاہد لطیف نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد دونوں شہدا کی میتیں آبائی علاقوں میں روانہ کردی گئیں ہیں جہاں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ انہیں سپردخاک کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، ہماری زندگی اور خون پاکستان کے لیے ہے جب کہ مادر وطن کے تحفظ میں جان قربان کرنا سب سے زیادہ مقدس ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بنوں کے علاقے جانی خیل میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیس آپریشن میں 4 دہشت گردہلاک جب کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کا افسر اور اہلکارشہید ہوگئے تھے۔