فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع پر تحفظات ہیں: بلاول بھٹو زرداری
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے بلائی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں فوجی عدالتوں پر تحفظات ہیں۔ اگر ضرورت پڑی تو قانونی مشاورت کے بعد نیا ڈرافٹ تیار کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی آل پارٹیز کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی۔ کانفرنس کے بعد پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 13 جماعتوں نے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع پر تحفظات ہیں۔ اگر ضرورت پڑی تو اس بارے میں ہم وکلا سے مشورہ کر کے ایک ڈرافٹ تیار کریں گے۔
فاٹا کے انضمام پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ انضمام فوری طور پر ہونا ضروری ہے۔
بلاول بھٹو نے کانفرنس میں شرکت کرنے والی پارٹیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ جن دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا کہا جارہا ہے ان کی شناخت کیسے ہوگی۔