آئندہ الیکشن دھاندلی سے پاک، جائزے کیلئےالیکٹرانک ووٹنگ مشین پارلیمنٹ میں رکھ دی
اسلام آباد: حکومت نے آئندہ الیکشن دھاندلی سے پاک کرانے کا مصمم ارادہ کئے ہوئے ہے، جسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے آج ایک اور سنگ میل عبور کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے جائزے کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین پارلیمنٹ میں رکھ دی ہے، ووٹنگ مشین کے ذریعے ووٹ ڈالنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کیلئے اتفاق رائے ضروری ہے، تمام جماعتیں بیٹھیں اور متفقہ فیصلہ کریں، مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کا کہنا تھا ک دھاندلی کے کینسر سے نجات کیلئے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو ہمارا ساتھ دینا ہوگا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ پولنگ کے بعد سب سے بڑا مسئلہ بر وقت نتیجہ نہ آنا ہے، الیکشن کمیشن نے ووٹنگ مشین کیلئے چھتیس شرائط دیں، تمام پوری کر دیں، ن لیگ، پیپلزپارٹی کو الیکٹرونک ووٹنگ مشین کا جائزہ لینا چاہیئے، میرا موقف ہے کہ ہر الیکشن کےبعد دھاندلی کا رونا بند ہونا چاہیئے۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ یہ مشین انٹرنیٹ سے منسلک نہیں ہے، عام انتخابات میں جو اخراجات آتے ہیں ای وی ایمز لگنےسےبھی تقریباً اتنا ہی آئیگا، ای وی ایمز بہت آسان ہے جو موبائل استعمال کرتا ہے وہ آسانی سے چلاسکتاہے، ای وی ایم بجلی سےمنسلک بھی نہیں ہوگی،اسکی اپنی بیٹری ہے۔
اس موقع پر بابراعوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے یہاں الیکشن کے نتائج پر احتجاج ہوتا ہے، ہارنے والا الیکشن کے نتائج کو قبول نہیں کرتا، ہم ٹیکنالوجی کےذریعے دھاندلی کو شکست دینے کیلئے یہاں موجود ہیں ن لیگ،پیپلزپارٹی کو دعوت ہے کہ آئیں سوالات اٹھائیں۔
بابراعوان کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے ماضی میں الیکشن کمیشن کو اختیار نہیں دیا گیا تھا موجودہ حکومت نےالیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کا اختیار الیکشن کمیشن کو دیا ہے۔