اسلام آباد
شرجیل میمن اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے، حفاظتی ضمانت منسوخ کرانے کیلئے نیب کی لیگل ٹیم نے ٹھوس شواہد جمع کرلئے
اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن ضمانت میں توسیع کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوگئے۔ رہنما پیپلز پارٹی نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔ دوسری جانب شرجیل میمن کی حفاظتی ضمانت منسوخ کرانے کیلئے نیب لیگل ٹیم نے ٹھوس شواہد جمع کرلئے۔ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی کی سربراہی میں لیگل ٹیم عدالت میں دلائل دے گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب)کی لیگل ٹیم شرجیل میمن کی پہلے سے خارج ہونے والی حفاظتی ضمانت کو جواز بنائے گی اور انہیں ضمانت خارج کرکے نیب کی تحویل میں دئیے جانے کی استدعا کرے گی۔ واضح رہے کہ شرجیل انعام میمن کو دو روز قبل دبئی سے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے پر نیب حکام نے گرفتار کرلیا تھا، تاہم ضمانت کے کاغذات کی جانچ پڑتال اور تصدیق کے بعد انہیں رہا کردیا گیا تھا۔