اپوزیشن نے اسپیکرکی جانب سے7 اراکین پر پابندی لگانےکا فیصلہ مستردکردیا
اسلام آباد : اپوزیشن کا اسپیکر قومی اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانےکا فیصلہ
قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے اسپیکرکی جانب سے7 اراکین پر پابندی لگانےکا فیصلہ مستردکردیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ متحدہ اپوزیشن نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکے خلاف تحریک عدم اعتماد لانےکا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کے لیے متحدہ اپوزیشن کا کمیٹی تشکیل دینے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
کمیٹی کے ارکان کے ناموں پر مشاورت کمیٹی کو عدم اعتمادکے لیے ٹاسک دیا جائےگا۔
خیال رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی پر ایکشن لیتے ہوئے7 ممبران اسمبلی کے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔
قومی اسمبلی سے جاری اعلامیے کے مطابق جن اراکین پر پابندی لگائی گئی ہے ان میں تحریک انصاف کے تین، (ن) لیگ کے تین اور پیپلزپارٹی کا ایک رکن شامل ہے۔
اعلامیے کے مطابق اسپیکر نے پیپلز پارٹی کے آغا رفیع اللہ، (ن) لیگ کے شیخ روحیل اصغر ، علی گوہر خان اور چوہدری حامد حمید پرپابندی عائد کی ہے جب کہ تحریک انصاف کے علی نواز اعوان، عبدالمجید خان اور فہیم خان پر پابندی لگائی گئی ہے۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں شدید ہنگامہ آرائی ہوئی،اس دوران اپوزیشن اور حکومتی اراکین نے ایک دوسرے کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے جب کہ بجٹ کی کاپیاں بھی ایک دوسرے کو ماری گئیں۔
خیال رہےکہ گزشتہ دنوں اپوزیشن نےکورم کی نشاندہی نظرانداز کرنے پر ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی جس پر ووٹنگ آئندہ جمعے کو ہونا ہے۔