اسلام آباد

بھارت قائداعظم کی رہائش گاہ کی اہمیت کا خیال رکھے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد:  ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ ممبئی میں جناح ہاوٴس قائداعظم کی رہائش گاہ رہا ہے اس لئے بھارت جناح ہاوٴس کی پاکستانی ملکیت اور اس کی اہمیت کا خیال رکھے۔ دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران نفیس زکریا نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی دبانے کے لیے ظلم کا بازار گرم ہے، بھارتی افواج نے گزشتہ روز بھی چار نوجوان کشمیریوں کا بہیمانہ قتل کیا، مقبوضہ کشمیرمیں ایک شہید کے جنازے پربارود کا استعمال کیا گیا، نئی شہادتوں سے شہید کشمیریوں کی تعداد 150 ہو گئی ہے جب کہ11 ہزار سے زائد کشمیریوں کی بینائی پیلٹ سے متاثر ہوئی، ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔عالمی برادری اور اقوام متحدہ ، بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی سے روکے۔

 انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے غیر مستقل انسانی حقوق کمیشن نے آزاد کشمیر کا دورہ کیا لیکن بھارت نے کمیشن کو مقبوضہ کشمیر کے دورے کی اجازت نہیں دی جوکہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ ممبئی میں واقع قائد اعظم کی رہائش گاہ کے حوالے سے ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ممبئی میں جناح ہاوٴس قائداعظم کی رہائش گاہ رہا ہے، بھارت جناح ہاوٴس کی پاکستانی ملکیت اور اس کی اہمیت کا خیال رکھے۔

 انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ پاکستان بھارتی حمایت یافتہ اور مالی امداد سے جاری دہشت گردی کا شکار ہے، سمجھوتہ ایکسپریس سانحہ میں بھارتی سرکاری اداروں کا ہاتھ ثابت شدہ ہے، کلبھوشن یادیو کی پاکستان میں موجودگی اور گرفتاری سے بڑھ کر بھارتی مداخلت کا کوئی ثبوت نہیں ہوسکتا۔ بین الاقوامی برادری کو بھارتی رہنماؤں کے بیانات کا نوٹس لینا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں وہیں کی ہندو انتہا پسند تنظیمیں دہشت گردی کر کے الزام دوسروں پر لگاتی ہیں، بھارت میں اقلیتوں باالخصوص مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک معمول بن چکا، بھارتی گجرات میں 2002 میں مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا۔

نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ سی پیک سے ملک میں توانائی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی، سی پیک کے تحت حال ہی میں حب کول پاور پلانٹ کا افتتاح کیا گیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close