اسلام آباد

ہو سکتا ہے آنے والے دنوں میں آصف علی زرداری کو گرفتار کرلیا جائے، حامد میر کا دعویٰ

اسلام آباد: معروف صحافی حامد میر نے کہا ہے کہ ہو سکتا ہے آنے والے دنوں میں سابق صدر آصف علی زرداری کو گرفتار کر لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء کے عام انتخابات کے بعد زرداری صاحب اور نواز شریف کے مابین ایک مفاہمت ہوئی تھی، جس کے بعد نواز شریف نے خواہش ظاہر کی تھی کہ میں پرویز مشرف کا ٹرائل کرنا چاہتا ہوں۔ نجی ٹی وی ڈان نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حامد میر نے کہا کہ 2013ء کے دسمبر میں بینظیر بھٹو کی برسی پر کئے گئے خطاب میں آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ ہم اس بلے کو اس مرتبہ نہیں چھوڑیں گے، کیونکہ یہ بلا سارا دودھ پی جاتا ہے، دراصل آصف زرداری نے بلے کا نام مشرف کے لئے لیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد نواز شریف نے کچھ لوگوں سے ڈیل کی اور مشرف کو باہر بھیج دیا، جس میں آصف زرداری نے بھی تعاون کیا، آصف زرداری کا ماننا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کے بعد نواز شریف نے ان کی پیٹھ پر چھرا گھونپا اور ڈاکٹر عاصم حسین سمیت متعدد گرفتاریاں کیں۔ حامد میر نے بتایا کہ آصف زرداری کا کہنا ہے کہ نواز شریف قابل اعتبار نہیں ہے، اسی لئے وہ اپنی تقاریر میں نواز حکومت کو چیلنج کر رہے ہیں، تاکہ نواز شریف غصے میں آ کر زرداری کو گرفتار کر لیں جس سے آئندہ انتخابات میں بلاول کو فائدہ ہو جائے گا۔ حامد میر نے بتایا کہ آصف علی زرداری آئندہ دنوں میں زبان ہی ایسی استعمال کریں گے جس سے نواز شریف اور ان کے مابین ڈیل کا تاثر زائل ہو جائے گا، آصف زرداری کی ممکنہ گرفتاری سے بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی کو فائدہ بھی ہوگا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close