مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف کی آمدن کم، اخراجات زیادہ
اسلام آباد: الیکشن کمیشن کی جانب سے سیاسی جماعتوں کے مالی اثاثوں کی تفصیلات جاری کردی گئیں۔ سیاسی جماعتوں کے مالی اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کے اثاثے تو ساڑھے 4 کروڑ روپے سے زائد کے ہیں، مگر سال 2015 میں اس کی آمدن 1 کروڑ 65 لاکھ اور اخراجات 4 کروڑ روپے سے زائد کیے گئے۔ مسلم لیگ (ن) نے پارٹی اجلاسوں پر 1 لاکھ 35 ہزار روپے اور تفریح کی مد میں 1 لاکھ 45 ہزار روپے خرچ کیے۔ بلاول بھٹو زرداری کی پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے اثاثوں کی مالیت 49 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
پیپلز پارٹی نے 10 کروڑ روپے پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز (پی پی پی پی) کو منتقل کیے جس کے سربراہ آصف علی زرداری ہیں اور یوں اس جماعت کا بینک بیلنس 20 کروڑ روپے سے زائد کا ہوگیا۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کُل اثاثوں کی مالیت 5 کروڑ 61 لاکھ روپے اور بینک بیلنس 11 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
پی ٹی آئی نے سال 2015 میں 36 کروڑ 42 لاکھ روپے سے زائد کے اخراجات کیے، جن میں انتخابی مہم پر 66 لاکھ روپے سے زائد، اشتہارات کی مد میں 25 لاکھ روپے اور تفریح کی مد میں 28 لاکھ روپے سے زائد کے اخراجات کیے گئے۔ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے اثاثوں کی مالیت 4 کروڑ 75 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان نے شہدا فنڈ کے لیے 23 کروڑ روپے سے زائد کا چندا وصول کیا، جبکہ سال 2015 میں ایم کیو ایم پاکستان نے 25 کروڑ روپے سے زائد کے اخراجات بھی کیے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے اثاثوں کی مالیت 11 لاکھ 34 ہزار روپے، مسلم لیگ (ق) کے 5 کروڑ روپے، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے 2 کروڑ 82 لاکھ روپے، جبکہ جماعت اسلامی کے اثاثوں کی مالیت 10 کروڑروپے سے زائد ہے۔ شیخ رشید کی عوامی مسلم لیگ کے اثاثوں کی مالیت 1 لاکھ 38 ہزار روپے ہے۔