کلبھوشن یادیو ملک دشمن، پھانسی کے حق میں ہیں، میرے دوستوں کے اغوا میں چوہدری نثار کا ہاتھ ہے: آصف زرداری
اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو ملک دشمن ہے اس لیے اس کی پھانسی کے حق میں ہیں، میرے دوستوں کو اغوا کرانے میں چوہدری نثار کا ہاتھ ہے، اگر چوہدری نثار میرے دوستوں کے اغوا کے معاملے میں بے بس ہیں تو عہدہ چھوڑ دیں۔ نجی ٹی وی دنیا نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستانی شہریوں کو سزائے موت دینے کے خلاف ہے لیکن جو بھی ملک دشمن عناصر ہیں انہیں ضرور پھانسی دی جانی چاہیے۔ ہم نے اپنے دور حکومت میں کسی پاکستانی کو پھانسی نہیں دی لیکن ملک دشمن عناصر کو پھانسیاں دی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو نے پاکستان میں تباہی پھیلائی اس لیے اس کی سزائے موت کا فیصلہ درست ہے ۔ بھارتی جاسوس پاکستان آیاہی کیوں؟ بھارتی جاسوس کوسزادینا ہماراحق ہے۔ اپنے دوستوں کے لاپتہ ہونے کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھا کہ ان کے دوستوں کو وفاقی حکومت اغوا کر رہی ہے، اور ان کے اغوا میں وزیر داخلہ چوہدری نثار کا ہاتھ ہے۔ اینکر پرسن نے سوال کیا کہ چوہدری نثار اس معاملے سے اظہار لا تعلقی کرچکے ہیں تو آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اگر چوہدری نثارمیرے دوستوں کو بازیاب نہیں کرا سکتے اور اس معاملے میں بے بس ہیں توعہدہ چھوڑ دیں۔