کلبھوشن کی سزا کے بعد بھارت کا پہلا وار، دریائے چناب میں پانی مزید 2 ہزار کیوسک کم کردیا
اسلام آباد: دریائے چناب میں پانی کی مقدار میں مزید دو ہزار کیوسک کی کمی ہوگئی ہے، سندھ طاس معاہدہ کے تحت بھارت نے دریائے چناب میں 55 ہزار کیوسک پانی چھوڑنے کی بجائے اس پانی کو مقبوضہ کشمیر میں بگلیہار ڈیم پر روک رکھا ہے جس کی وجہ سے پانی کی مقدار ایک روز میں انیس ہزار آٹھ سو بہتر کیوسک سے کم ہوکر سترہ ہزار سات سو بارہ کیوسک رہ گئی ہے اور پانی کی کمی کی وجہ سے دریا کا زیادہ تر حصہ پہلے ہی خشک ہے۔ محکمہ ایری گیشن کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈمرالہ کے مقام پر مجموعی پانی اکیس ہزار دو سو انتیس کیوسک ہے جس میں اس مقام پر شامل ہونے والے دو دریائوں دریائے مناور توی میں ایک ہزار پانچ سو اٹھائیس کیوسک اور دریائے جموں توی میں دو ہزار پانچ سو انتالیس کیوسک پانی بھی شامل ہے۔
یادرہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان نے بھارت کے پکڑے گئے جاسوس کلبھوشن یادیو کو پھانسی کی سزا سنائی تھی جس پر تاحال عمل درآمد نہیں ہوا لیکن دونوں ممالک میں لفاظی جنگ چھڑ چکی ہے اور پانی روکے جانے کو کلبھوشن کی سزا کے بعد بھارت کا پاکستان پر پہلا جوابی وار قرار دیاجارہاہے ۔