شبہ ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل (ر) حبیب کو دشمن ایجنسی نے اٹھایا ہے، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد: اسلام ٹائمز۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریاء نے کہا ہے کہ شبہ ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ حبیب کو دشمن ایجنسی نے اٹھایا ہے اور کرنل (ر) حبیب کی گمشدگی کے معاملے پر نیپال حکومت کےساتھ رابطے میں ہیں، لیفٹیننٹ کرنل (ر) حبیب کو نیپال میں نوکری کا جھانسہ دیکر پھنسایا گیا، بھارتی وزیراعظم نے تسلیم کیا کہ ان کا ملک 1971ء میں پاکستان توڑنے کی سازش میں ملوث تھا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ حبیب کی گمشدگی کا معاملہ نیپال حکومت سے اٹھایا ہے اور نیپال میں پاکستانی سفارتخانہ اس معاملے کو دیکھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو پاکستان میں بھارتی مداخلت کا واضح ثبوت ہے، پاکستان میں بھارتی مداخلت کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، کلبھوشن کو دہشتگردی کے الزام میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، کلبھوشن نے پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں کا اعتراف کیا، کلبھوشن بھارتی نیوی کا حاضر سروس افسر ہے اور وہ بھارتی ایجنسی را کا کارندہ ہے۔
نفیس زکریا کا مزید کہنا تھا کہ اس معاملے کو دوست ممالک اور یو این سیکرٹری کے سامنے اٹھایا گیا جبکہ بھارتی وزیردفاع کے بیان کے ردعمل میں خواجہ آصف کا بیان آچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے گزشتہ ہفتے 12 بےگناہ کشمیریوں کو شہید کیا، پاکستان اور بھارت میں قونصلر رسائی کا معاہدہ موجود ہے جو کہ 2008ء میں کیا گیا۔