ن لیگ میں دو بیانیے ہیں ، قیادت کے راستے جدا ہیں
اسلام آباد: ن لیگ میں مریم صفدر کا اپنا اور شہباز شریف کا اپنا بیانیہ ہے۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ن لیگ میں دو بیانیے ہیں اور قیادت کے راستے جدا ہیں۔
ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ کے دو بیانیے ہیں، مریم صفدر کا اپنا اور شہباز شریف کا اپنا بیانیہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن میں شکست کے بعد ن لیگ کے دونوں رہنماؤں کے راستے جدا ہو گئے ہیں۔
وزیر مملکت نے استفسار کیا کہ جہاں ن لیگ انتخابات جیتی وہاں انتخابات شفاف ہوئے اور جہاں ہاری وہاں پر دھاندلی ہوئی ہے؟
اُن کا کہنا تھا کہ ن لیگ سمجھتی ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں دھاندلی ہوئی توثبوت سامنے لائے، دھاندلی کا الزام عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا ہے۔
فرخ حبیب نے مزید کہا کہ اصل اے ٹی ایمز تو نواز شریف کے دور میں چلتی رہی ہیں، آزاد کشمیر انتخابات میں مریم صفدر نے ایک بار بھی بھارتی مظالم کی مذمت نہیں کی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مریم صفدر نے نہ تو مودی کا نام لیا اور نہ ہی آر ایس ایس نظریہ کی نفی کی۔