ڈان لیکس کا معاملہ، رپورٹ وزیر داخلہ کے حوالے، آج وزیراعظم کو پیش کی جائیگی
اسلام آباد: ڈان لیکس رپورٹ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کو دیدی گئی ہے اور تین افراد کو ذمہ دار قراردیدیا گیا ہے۔نجی ٹی وی چینل اے آروائی نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کمیشن کے سربراہ جسٹس(ر)عامر رضا کی جانب سے دی گئی تحقیقاتی رپورٹ وزیرداخلہ آج وزیراعظم میاں نواز شریف کو پیش کریں گے اور وزیراعظم کی منظوری کے بعد رپورٹ کو منظر عام کیا جائے گا۔ چوہدری نثار علی خان کو پیش کی گئی رپورٹ میں ذمہ دار افراد کیخلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔واضح رہے کہ چوہدری نثار علی خان نے اپنی گزشتہ پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ پانامہ کیس کی وجہ سے ڈان لیکس کی رپورٹ میں تاخیر کی گئی جبکہ پیر یا منگل کو رپورٹ مل جائے گی۔قبل ازیں تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے رپورٹ میں معاون خصوصی طارق فاطمی،پرویز رشید اور وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو ذمہ دار قراردیا گیا تھا جبکہ وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کو کالز کا ریکارڈنگ ڈیٹا موجود ہونے کے باوجود ذمہ دار قرار نہیں دیا گیا تھا۔