عمران خان نے کیچڑ کی بالٹی بھری ہوئی ہے اور کسی بھی ماں بہن پر انڈیل دیتے ہیں، ڈاکٹر مصدق ملک
اسلام آباد: وزیراعظم محمد نوازشریف کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پاناما کیس میں خاموش رہنے کیلئے 10 ارب روپے کی پیشکش سے متعلق عمران خان کے وزیراعظم پر لگائے گئے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں، انہوں نے کیچڑ کی بالٹی بھری ہوئی ہے اور کسی بھی ماں بہن پر انڈیل دیتے ہیں، عمران خان کے خلاف ان الزمات پر ہر ممکن قانونی کاروائی ہوگی۔ تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی جانب سے وزیراعظم پر لگائے گئے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ شوکت خانم ہسپتال کی زمین وزیراعظم کی طرف سے عطیہ کی گئی تھی، اگر وزیراعظم یہ زمین نہ دیتے تو ہسپتال بھی بن پاتا، عمران خان کو دوسروں پر کیچڑ اچھالنے، جھوٹے اور بےبنیاد الزامات لگانے کی لت لگ گئی ہے۔ انہوں نے کیچڑ کی بالٹی بھر کے اپنے پاس رکھی ہے، کسی کی بھی ذات پر یا ماں بہن پر کیچڑ ڈالنا ان کا وطیرہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بغیر ثبوت کے وزیراعظم پر 10ارب روپے کی آفر کے الزامات لگائے۔
ترجمان وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان کو شوکت خانم کی زمین پر سوچنا چاہیے تھا، الزام تراشی کی عادت ان کی پرانی ہو چکی ہے مگر اس بار انہیں کوئی رعایت نہیں ملے گی، وہ ان الزامات پر ثبوت پیش کریں ورنہ ہم ان کے خلاف ہر ممکن قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ واضح رہے کہ پشاور کے شوکت خانم کینسر ہسپتال میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے دعوی کیا تھا کہ حکومت نے انہیں پاناما کیس میں خاموش رہنے کے لیے 10 ارب روپے کی پیشکش کی تھی۔