اسٹیج سج گیا، کارکنوں کی آمد جاری، عمران خان 10 ارب کی پیشکش کے بیان پر قائم
اسلام آباد: چیر مین تحریک انصاف کی جانب سے پاناما کیس میں خاموش رہنے پر 10 ارب روپے کی پیش کش کی باز گشت ابھی تھمی نہ تھی کہ عمران خان نے حکومت پر ایک اور الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ 10 ارب تو ابتدائی پیش کش تھی رقم بڑھانے کی آفر بھی کی گئی تھی۔ تحریک انصاف آج اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے جا رہی ہے اور اس حوالے سے تمام تیاریاں بھی کر لی گئی ہیں۔ عمران خان نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور جلسے کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما کیس میں خاموش رہنے پر 10 ارب روپے تو ابتدائی پیش کش تھی، رقم بڑھانےکی بھی پیشکش کی گئی تھی۔تحریک انصاف کے جلسے کے لئے 80 فٹ چوڑا اور 24 فٹ اونچا اسٹیج تیار کیا گیا ہے جس پر مرکزی قیادت براجمان ہو گی جب کہ مقامی قیادت کے لئے بھی ایک اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔ خواتین کے لئے مرکزی اسٹیج کے سامنے انکلوژر بنایا گیا ہے جسے چاروں جانب سے لوہے کی چادروں اور خاردار تاروں سے بند کیا گیا ہے تاکہ کوئی بھی شخص خواتین کے انکلوژر میں نہ آ سکے۔ تحریک انصاف کی قیادت نے جلسے کے لئے آج شام 5 بجے کا ٹائم دیا ہے۔